گیدر سوراب واقعے کی اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے: اصغر خان اچکزئی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے ضلع سوراب کے علاقے گیدر میں ہونے والی بمباری اور اس کے نتیجے میں بیسیوں افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق، انسانی اقدار اور شہریوں کے تحفظ کے اصولوں سے متصادم قرار دیا ہے۔
اپنے ایک صوبائی بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ قبول نہیں۔ گیدر کے افسوس ناک واقعے میں بچوں، خواتین، بزرگوں اور دیگر بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات انتہائی تشویش ناک اور افسوس ناک ہیں۔ شہری آبادی کو ایسے واقعات سے محفوظ رکھنا ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیدر، سوراب کے واقعے کی اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ واقعے کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں، ذمہ داروں کا تعین ہو اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ محض تشویش یا مذمت کافی نہیں، بلکہ ایسے واقعات کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی خود طویل عرصے سے انتہاپسندی، دہشت گردی اور تشدد کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ پارٹی کے کارکنوں، رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں نے امن، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور سیاسی جدوجہد کے راستے میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ اسی تاریخی پس منظر کی وجہ سے عوامی نیشنل پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی، انتہاپسندی اور بے گناہ شہریوں کے قتل کی ہمیشہ کھل کر مذمت کرتی رہی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی یا تشدد کا ارتکاب جس جانب سے بھی ہو، وہ قابلِ مذمت ہے۔ کسی بھی واقعے کو جواز بنا کر عام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا یا انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بننا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ ریاستی پالیسی اور اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور عوام کے بنیادی حقوق کی ضمانت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بدامنی، بے یقینی اور مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے واقعات عوام میں مزید خوف اور عدم تحفظ پیدا کرتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے حالات کو مزید پیچیدہ بنانے کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور اعتماد کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
عوامی نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ گیدر، سوراب کے واقعے کی فوری، شفاف اور اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اور بنیادی فرض ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا، قانون کی بالادستی یقینی بنانا اور ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا دفاع کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
عوامی نیشنل پارٹی امن، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی جانب سے بے گناہ شہریوں کے خلاف ہونے والے تشدد کی مذمت کرتی رہے گی۔
