قلات میں جشنِ آزادی کی بھرپور تقریبات، 14 اگست کو ریلیاں نکالی جائیں گی: میر ضیاء اللہ لانگو


قلات (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے قلات میں مصروف دن گزارا ، جہاں قبائلی عمائدین، پارٹی کارکنان اور مختلف شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران جشن آزادی کی تیاریوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اس موقع پر قبائلی عمائدین اور پارٹی کارکنان نے میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور جشن آزادی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ قلات میں جشن آزادی کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہیں اور 14 اگست کو مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔


انہوں نے عوام اور پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

WhatsApp
Get Alert