متحدہ عرب امارات کی پاکستان کو 79 یوم آزادی کی مبارکباد

ابوظہبی(قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی صدر آصف علی زرداری کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے تہنیتی پیغام ارسال کیا۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی دفتر کے سربراہ شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے بھی صدر پاکستان کے نام تہنیتی پیغام بھیجا۔ اماراتی قیادت نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دوسری جانب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو بھی یومِ آزادی کے موقع پر الگ الگ تہنیتی پیغامات بھیجے۔
اماراتی قیادت کی جانب سے پاکستان کی سیاسی قیادت کو یومِ آزادی پر مبارکباد دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتی رہی ہے۔
