یومِ آزادی عظیم قربانیوں، جدوجہد اور نظریے کی یاد دلاتا ہے: پرنس آغا عمر جان احمد زئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبودِ آبادی پرنس آغا عمر جان احمد زئی اور سیکرٹری پاپولیشن ظفر بلیدی نے 14 اگست کے بابرکت اور تاریخی دن کے موقع پر تمام ہم وطنوں، بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری پرنس آغا عمر جان احمد زئی نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے اسلاف کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور نظریے کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کا حقیقی روح کے مطابق تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شہری کو اپنی انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ قومی ترقی اور استحکام کے لیے اتحاد، یکجہتی اور ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پرنس آغا عمر جان احمد زئی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ملک و قوم کی خوشحالی، بلوچستان میں امن و استحکام اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert