یوم آزادی پر برج خلیفہ پاکستانی پرچم کے رنگوں سے جگمگا اٹھا


دبئی (قدرت روزنامہ) پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برج خلیفہ پاکستان کے یومِ آزادی کی خوشیوں میں شرکت کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کے رنگوں میں نہا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے عوام نے پاکستان کے یوم آزادی کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔
دنیا کے اس مشہور ترین شاہکار کی یہ روشنی، پاکستانی قوم کے لیے ایک خوبصورت خراجِ تحسین ہے۔

دوسری جانب پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریب روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی،چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے بڑی تعداد میں افراد، میڈیا کے نمائندگان اور پاکستان ہائی کمیشن کے افسران نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔
لندن ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستان کا پرچم لہرایا،خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے قوم کے بانیان کے وژن اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے غیر متزلزل اتحاد، جدوجہد اور ثابت قدمی نے پاکستان کی آزادی کو ممکن بنایا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert