شہداء زیارت کے چہلم پر دھرنا کمیٹی اور آل پارٹیز زیارت کے تعزیتی جلسے میں قراردادیں منظور؛ جوڈیشل کمیشن سے شفاف تحقیقات اور معاہدے پر من و عن عملدرآمد کا مطالبہ


زیارت (ڈیلی قدرت کوئٹہ) دھرنا کمیٹی زیارت اور آل پارٹیز زیارت کے زیرِ اہتمام شہداء زیارت کے چہلم کے موقع پر منعقدہ تعزیتی جلسہ عام سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن فیز تھری کے تمام شہداء کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ جلسے میں متفقہ قراردادیں پیش کی گئیں جن میں سانحہ زیارت کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کو مکمل طور پر غیر جانبدار رکھنے، مقررہ مدت میں رپورٹ عوام کے سامنے لانے اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
قراردادوں میں لیویز فورس کو فوری طور پر بحال کرکے جدید خطوط پر تربیت، جدید اسلحہ اور ضروری گاڑیاں فراہم کرنے، زیارت، زیزری، پیڑی، خلیفت، کچھ، احمدون، زرغون غر، ہرنائی اور دیگر ملحقہ علاقوں کو مسلح دہشت گردوں سے فوری طور پر پاک کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ جلسے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ زیارت اور دیگر علاقوں سے ایف سی کا انخلا کیا جائے اور خنڈی سر، پراسپیکٹ پوائنٹ، کوٹی سر اور دیگر علاقوں میں مبینہ غیر قانونی قبضوں، تعمیرات اور اس دوران جونیپر کے سینکڑوں قیمتی و تاریخی درختوں کی کٹائی کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے۔
قراردادوں کے ذریعے سانحہ زیارت میں مبینہ غفلت اور کوتاہی برتنے والے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی کو فوری معطل کرنے، ضلع زیارت کے تمام تھانوں اور چوکیوں کو جدید آلات اور وسائل سے فعال بنانے، ضلع میں بلا تعطل گیس اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے، خانوزئی کراس سے سنجاوی تک سڑک کی تعمیر بلا تاخیر مکمل کرنے اور پولیس ملازمین کو ان کے متعلقہ علاقوں میں تعینات کرنے کے مطالبات بھی دہرائے گئے۔

WhatsApp
Get Alert