حکومت کا پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 77 پیسے جبکہ ڈیزل 6 روپے 47 فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت 331 روپے 20 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے نرخ 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتیں ایک روز کیلئے مقرر کی گئی، قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب بین الاقوامی منڈی میں پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کموڈٹی مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کے ستمبر میں ترسیل کےلئے معاہدے 0.62 ڈالر کی کمی سے 81.78 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ کے اکتوبر کے لئے معاہدے 0.17 ڈالر کی کمی سے 88.35 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔
تاہم سونے اور چاندی کے نرخوں میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ، سونے کے نرخ 16.20 ڈالر کے اضافے سے 4453.50 ڈالر فی اونس اور چاندی کے نرخ 0.68 ڈالر کی بہتری سے 65.79 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔ رپورٹ کے مطابق اجناس کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا اور مکئی کے دسمبر کے لئے معاہدے 1.25 ڈالر کےاضافے سے 484.50 ڈالر فی بشل جبکہ گندم کے دسمبر کےلئے معاہدے 1.50 ڈالر کی کمی سے 688 ڈالر فی بشل میں طے پائے۔
