متحدہ عرب امارات میں اپنی گاڑی رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر
دبئی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں اپنی گاڑی رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ آر ٹی اے نے المکتوم برج پر مخصوص دن اور گھنٹوں کے لیے ٹول ٹیکس کی ادائیگی ختم کردی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق سالک المکتوم برج ٹول گیٹ کے نیچے سے گزرنے والی گاڑیوں پر ہفتے کے دن رات کے کچھ گھنٹوں اور اتوار کو سارا دن لاگو نہیں ہوگا ، جس کی تصدیق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے بھی کی گئی اور کہا گیا ہے کہ جب فلوٹنگ برج بند ہوتا ہے تو المکتوم پل پر ٹول فری گھنٹے لاگو ہوتے ہیں جب کہ 15 جنوری سے فلوٹنگ برج کے بند ہونے کے اوقات درج ذیل ہیں؛
کام کے دنوں میں : پیر سے جمعہ ، رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک۔
ویک اینڈ پر : ہفتہ رات 10 بجے سے پیر صبح 6 بجے تک۔
اس حوالے سے آر ٹی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب فلوٹنگ برج بند ہو گا تو المکتوم پل پر سالک فیس لاگو نہیں ہو گی ، نظر ثانی شدہ اوقات متحدہ عرب امارات کے نئے ورک ویک کو اپنانے کے مطابق ہیں ، جس کے تحت اب جمعہ کا آدھا دن، ہفتہ اور اتوار ملک میں نئے ویک اینڈ کی تشکیل کرتے ہیں ، جس کا مطلب ہے کہ پل پر جمعہ کو ٹول لاگو ہوگا۔ خیال رہے کہ سالک دبئی کا روڈ ٹول جمع کرنے کا خودکار نظام ہے ، ہر بار جب کوئی گاڑی سالک ٹول پوائنٹ سے گزرتی ہے تو 4 درہم کی فیس خود بخود پری پیڈ اکاؤنٹ سے کٹ جاتی ہے جب کہ المکتوم برج (ام ہریر روڈ) دبئی کے سات ٹول گیٹس میں سے ایک ہے۔