ہم سندھ کی چیف منسٹری قربان کر دینگے لیکن سندھ کو تفسیم نہیں ہونے دیں گے


لاہور (قدرت روزنامہ) سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا دوٹوک اعلان کیا ہے کہ ہم سندھ کی چیف منسٹری قربان کر دینگے لیکن سندھ کو تفسیم نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم بڑا حساس معاملہ ہے، ایم کیوایم نے کئی بار کہا کہ سندھ کی تقسیم سے تفریق پیدا ہوگی، سب کیلئے اس سے لسانی مسائل ہوں گے، ہاں سندھ میں گڈ گورننس پر بات ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہاں میں نے کچھ سال پہلے بیان دیا تھا کہ میں سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دونگا میں اپنے بیان پر قائم ہوں لیکن آج پیپلز پارٹی نے ایسے حالات پیدا کر دئیے ہیں کہ نئے صوبوں کی بحث شروع ہو گئی ہے یہ بحث ہم نے تو شروع نہیں کی بحث تو کسی اور نے شروع کی ہے۔
مزید برآں پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر سسی پلیجو نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ دشمن قوتیں سندھ کی تقسیم کے خواب دیکھنا بند کردیں، سندھ کی تقسیم کی باتیں اب برداشت سے باہر ہوچکی ہیں۔
سسی پلیجو نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار ایک دوسرے کے سیاسی حریف اور دشمن ہیں، تاہم سندھ دشمنی کے معاملے پر متحد دکھائی دیتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما اپنے ’’ماسٹرز‘‘ کے کہنے پر سندھ کی تقسیم کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت سندھ نے اردو بولنے والوں کو پناہ دی اور انہیں اپنے دل میں جگہ دی، ہم اردو بولنے والے سندھیوں کو اپنا سمجھتے ہیں، سندھ دشمنی چند عناصر کی سیاست ہے۔
ایم کیو ایم میں موجود بعض زہریلے عناصر سندھ کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، تاہم یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے وطن اور اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ سندھ دشمن قوتیں اسرائیل والی بولی بول رہی ہیں، ایم کیو ایم اقتدار میں کیسے آئی، سندھ کے عوام اس کی تاریخ سے بخوبی واقف ہیں۔

WhatsApp
Get Alert