انتقال کی خبریں جھوٹ، ’الحمدللہ میں بالکل ٹھیک ہوں‘ اداکار عمران اشرف نے خیریت سے آگاہ کردیا
وائرل ویڈیو میں مختلف معروف صحافیوں، کرکٹرز اور فنکاروں کی تصاویر اور آوازوں کو استعمال کرکے تعزیتی بیانات بھی شامل کیے گئے تھے تاکہ خبر کو سچ دکھایا جا سکے

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان عمران اشرف نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں اور جعلی خبروں کی شدید الفاظ میں تردید کرتے ہوئے تمام مداحوں کو اپنی مکمل خیریت سے آگاہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ ایک جعلی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں اداکار عمران اشرف کی وفات کی جھوٹی خبر پھیلائی گئی تھی، اس ویڈیو کی آڑ میں مختلف معروف صحافیوں، کرکٹرز اور فنکاروں کی تصاویر اور آوازوں کو استعمال کرکے تعزیتی بیانات شامل کیے گئے تھے تاکہ خبر کو سچ دکھایا جا سکے۔
یہ جعلی ویڈیو سامنے آنے کے بعد عمران اشرف کے ملک و بیرونِ ملک موجود لاکھوں مداحوں اور شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی، صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اداکار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کا سہارا لیا اور انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے تمام تر حقائق سے پردہ اٹھایا۔
عمران اشرف نے اپنی وضاحت میں لکھا کہ ’الحمدللہ! میں بالکل ٹھیک اور خیریت سے ہوں، سوشل میڈیا پر میرے بارے میں گردش کرنے والی خبر مکمل طور پر جعلی اور بے بنیاد ہے، آپ سب کی محبتوں اور دعاؤں کی اشد ضرورت ہے‘۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ وائرل ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی گئی تھی، جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے اسی انداز کی متعدد دیگر گمراہ کن اور جعلی ویڈیوز بھی پہلے سے موجود ہیں جن کے ذریعے مختلف شخصیات سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
