لکھے ہوئے آرڈر کا انتظار کیجئے، اللہ خیر کرے!
عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے حکم پر منیب فاروق کا معنی خیز پیغام

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکرپرسن اور تجزیہ کار منیب فاروق نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے اور رپورٹس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’لکھے ہوئے آرڈر کا انتظار کیجئے، اللہ خیر کرے!۔ اس کے علاوہ منیب فاروق نے پاور کوریڈورز کے مائنڈ سیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ چند گھنٹے پہلے کی معتبر خبر دے رہے ہیں کہ اقتدار کے ایوانوں اور پاور کوریڈور میں عمران خان کو جیل سے کسی نجی ہسپتال منتقل کرنے کے موقف میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
لکھے ہوئے آرڈر کا انتظار کیجئے۔ اللہ خیر کرے۔
— Muneeb Farooq (@muneebfaruqpak) August 18, 2026
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بااختیار حلقوں کا ماننا ہے اگر عمران خان کو آدھا گھنٹہ واک کی اجازت ملتی ہے تو اسے بڑھا کر ایک گھنٹہ کیا جا سکتا ہے، نیز بلڈ پریشر اور اینزائٹی جیسے مسائل عمر کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جنہیں دوائیوں سے آسانی سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے، بااختیار حلقوں کا موقف ہے کہ جیل کے اندر اہلیہ اور فیملی سے ملاقاتوں کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے لیکن کسی نجی ہسپتال میں منتقل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
البتہ اگر حکومت کو اعتراض نہ ہو تو عمران خان کی بنی گالا بطور سب جیل منتقلی کا آپشن موجود ہو سکتا ہے، تاہم عمران خان کی جاری ہونے والی میڈیکل رپورٹ سے پاکستان کا مخصوص اور بااختیار حلقہ اتنا مرعوب یا متاثر نہیں ہوا، دن بھر کی معلومات کے مطابق پاور کوریڈورز کے خیال میں یہ ایک بالکل نارمل طبی ایشو ہے اور آج کی تاریخ تک ان کے رویے اور سخت موقف میں پہلے کی نسبت کوئی نرمی یا تبدیلی نظر نہیں آئی۔
