خواتین اور بچیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسماء اور ان کے خاندان کو ہر صورت انصاف ملنا چاہیے: کِرن بلوچ
تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رکھی جائیں، اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہر شخص کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ، چیئرپرسن بلوچستان کمیشن برائے وقارِ نسواں

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) چیئرپرسن بلوچستان کمیشن برائے وقارِ نسواں (BCSW) کِرن بلوچ نے اسماء امان اللہ اغواء کیس میں ہونے والی اہم پیش رفت پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 ملزمان کی گرفتاری، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ کی برآمدگی انتہائی قابلِ تحسین عمل ہے۔ انہوں نے اس کامیاب اور بروقت کارروائی پر کوئٹہ پولیس اور بالخصوص ایس ایس پی آپریشنز کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کِرن بلوچ نے متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی کہ کیس کی تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ تمام حقائق بے نقاب ہو سکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہر شخص کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں ایک واضح اور سبق آموز پیغام جا سکے۔

چیئرپرسن بلوچستان کمیشن برائے وقارِ نسواں نے واضح کیا کہ اسماء امان اللہ اور ان کے خاندان کو ہر حال میں انصاف ملنا چاہیے، کیونکہ انصاف کی فراہمی سے ہی معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور معاشرے میں خواتین اور بچیوں کے تحفظ پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کمیشن اس حوالے سے اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
