حکومت کا پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے مہنگا جبکہ ڈیزل 32 روپے 63 فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے نرخ 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتیں ایک روز کیلئے مقرر کی گئی۔
قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔یاد رہے حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے کی بڑی کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے کی کمی کی جائے گی، ریفائنریوں کی مدد سے قیمت میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔
ڈیزل کا بڑا حصہ ملک میں ہی ریفائن کرتے ہیں، اسی لئے قیمت میں نمایاں کمی کی جارہی ہے۔ جنگ کی شدت کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
مزید برآں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ پیٹرولیم کو فوری کراچی پہنچنے اور ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی ریلیف کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔
