عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ؛ نظرثانی درخواست سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی
درخواست کے ساتھ پیپر بُکس مکمل نہ ہونے پر اعتراض عائد، اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کی جائے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان کی شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے دائر کی جانے والی نظرثانی درخواست کو سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے واپس کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے گزشتہ روز اس درخواست پر اعتراضات لگائے گئے، رجسٹرار آفس نے مؤقف اختیار کیا کہ نظرثانی درخواست کے ساتھ لازمی دستاویزات اور پیپر بکس مکمل نہیں کی گئی تھیں، جس کی بنا پر درخواست کو ابتدائی مرحلے میں ہی واپس بھیج دیا گیا۔
معاملے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ درخواست فی الوقت اعتراضات کی وجہ سے واپس لی گئی ہے اور تکنیکی و قانونی خامیاں دور کرنے کے بعد اسے جلد دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد انتظامیہ نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر ی تھی، یہ نظرثانی درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلے اور تحریری حکم نامے پر نظرثانی کی جائے اور ہسپتال منتقلی کے حوالے سے قانونی و انتظامی نقطہ نظر پر دوبارہ غور کیا جائے۔
