مستونگ کے علاقے سورگز کے مقام پر مسلح افراد کی ناکہ بندی،علیزئی قبائل کے سربراہ سردار شاہ زمان علیزئی بیٹے سمیت مبینہ طور پر اغواء


مستونگ (قدرت روزنامہ)مستونگ میں سورگز کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کا واقعہ پیش آیا، جہاں قبائلی رہنما سردار شاہ زمان علیزئی کو ان کے بیٹے سمیت مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شام چار بجے کے قریب سردار شاہ زمان علیزئی مستونگ سے کوئٹہ کی جانب جا رہے تھے کہ سورگز کے مقام پر مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ مبینہ طور پر مسلح افراد سردار شاہ زمان علیزئی، ان کے بیٹے اور ویگو گاڑی کو اپنے ہمراہ لے گئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کے موبائل فون بند ہیں، جبکہ تاحال ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
واقعے کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ موقف جاری نہیں کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert