پنجاب میں 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کروانے پر اتفاق
صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہاں، پنجاب حکومت کے پیش کردہ مرحلہ وار انتخابی پلان کا تفصیلی جائزہ لے کر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا؛ الیکشن کمیشن اعلامیہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کے درمیانی عرصے میں کرانے کی تجویز پیش کر دی ہے، جس سے الیکشن کمیشن نے اصولی طور پر اتفاق کر لیا۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہاں ہے تاکہ اس اہم عمل کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کو بہتر سے بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے، تاہم حتمی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
صوبائی وزیرِ لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی شفاف اور وقت پر انجام دہی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں قائم کمیٹی کو الیکشن کمیشن سے مشاورت کے تمام اختیارات دیئے ہیں، حکومت کو الیکشن کا عمل شروع کرنے اور اس کے لیے فنڈز و وسائل کی فراہمی کے لیے مناسب وقت درکار ہے، 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کا انعقاد سب سے موزوں رہے گا کیونکہ اس عرصے میں بچوں کے سکول امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے، اساتذہ کا عملہ ڈیوٹی کے لیے میسر ہوگا اور موسم کے لحاظ سے شدید دھند کی مشکلات بھی پیش نہیں آئیں گی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی ان تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا حتمی اور جامِع پلان جلد از جلد پیش کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں کے الیکشن کرانا الیکشن کمیشن اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا اور پنجاب حکومت کے پیش کردہ مرحلہ وار انتخابی پلان کا تفصیلی جائزہ لے کر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
