قومی اسمبلی نے ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی نے ڈیفینس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔
جمعرات کے روز قومی اسمبلی نے ڈیفینس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کا بل پیش کیا گیا، اس دوران اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا تاہم دونوں بل کثرت رائے سے منظور کرلیے گئے۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ڈیفینس فورسز ایکٹ 2026 کے مسودے اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010 میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے ڈیفینس فورسز ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دی۔ حکومت کے مطابق یہ مسودہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت کی جانے والی تبدیلیوں کے تسلسل میں تیار کیا گیا ہے۔
مسودے کا مقصد چیف آف ڈیفینس فورسز کے عہدے اور چیف آف ڈیفینس فورسز ہیڈکوارٹرز سے متعلق انتظامی امور اور قانونی معاملات کا تعین کرنا ہے۔
اجلاس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010 میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ حکومت کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم ضروری ہوگئی تھیں، جس کے تحت متعلقہ قانونی اور انتظامی امور کو نئے آئینی ڈھانچے سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
