حکومت کی ’فٹبال ٹیم‘ کو یلو کارڈ دکھا دیا گیا، اب ریڈ کارڈ کا انتظار کرنا چاہیے، محمد علی درانی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی کا کہنا ہے کہ حکومت کی ’فٹبال ٹیم‘ کو پہلے ہی یلو کارڈ دکھایا جا چکا ہے اور اب انہیں ریڈ کارڈ کا انتظار کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے اے آر وائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حکم پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیٹلمنٹ میں ان کا اپنا ذاتی کردار ہے۔
انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حالات پر گرفت کمزور ہو جائے اور اختیار ہاتھ سے نکلتا نظر آئے تو حکمران شدید بے چین ہو جاتے ہیں۔
محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ ہائبرڈ نظام کے نام پر اپنے کیے گئے استحصال اور مظالم کا ملبہ اداروں پر ڈالا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ادارے کر رہے ہیں۔ تاہم، اب عوام اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان حکومت کا پیدا کردہ ٹکراؤ کم ہونا شروع ہو جائے گا اور حکمرانوں کا بنایا گیا منفی تاثر بھی ختم ہو جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا جب بھی عوام اور اسٹیبلشمنٹ قریب آتے ہیں تو ہائبرڈ حکمران شور مچانا شروع کر دیتے ہیں، جو کہ محض ان کی حماقت پر مبنی ہے۔
انہوں نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے یاد دلایا کہ یہ لوگ خود تو بیرونِ ملک جا کر علاج کراتے رہے ہیں لیکن دوسروں کے لیے الگ معیار رکھتے ہیں۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ حکومت کی ’فٹبال ٹیم‘ کو پہلے ہی یلو کارڈ دکھایا جا چکا ہے اور اب انہیں ریڈ کارڈ کا انتظار کرنا چاہیے۔
