مجھے الشفا ہسپتال لے جاکر بٹھایا گیا مگر عمران خان کو وہاں نہیں لایا گیا ‘ فجر کے وقت واپس اڈیالہ لے گئے : عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کی پریس کانفرنس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے واضح کیا ہے کہ عمران خان جسمانی طور پر بالکل صحت مند ہیں، ان کی بینائی بہتر ہے اور ان کا بلڈ پریشر 120/80 کے ساتھ مکمل نارمل ہے۔
اپنی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنے اغوا کی خبروں کی سختی سے تردید کی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں تھا، سکیورٹی اہلکاروں کا رویہ انتہائی مہذب تھا، البتہ موبائل فون پاس نہ ہونے اور سکیورٹی پروٹوکول کی وجہ سے ان کا کسی سے رابطہ نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے یہ تاثر پھیلا۔

تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ انہیں رات ساڑھے بارہ، پونے ایک بجے کے قریب ہسپتال بلایا گیا، وہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ویٹنگ ایریا میں تقریباً ڈھائی سے تین گھنٹے تک بانی پی ٹی آئی کا انتظار کرتے رہے۔ جب ساڑھے چار بجے تک عمران خان ہسپتال نہ پہنچ سکے تو انہیں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی ہسپتال نہیں آ رہے، جس کے بعد فجر کی اذان کے وقت انہیں دیگر گاڑیوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل لے جایا گیا جہاں انہوں نے عمران خان کا معائنہ کیا۔
عمران خان کی آنکھ کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ان کی آنکھ میں معمولی ہیمرج (Hemorrhage) تھا، جس کے لیے انہیں انجیکشن لگایا گیا ہے جس سے بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال بانی پی ٹی آئی کی حالت مستحکم ہے، تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر آئندہ بھی ان کی آنکھ کے فالو اپ چیک اپ اور ممکنہ طور پر مزید انجیکشنز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert