عمران خان کو اندھیرے میں دوسرے اسپتال لے جایا گیا، بہن کو کمرے میں بند رکھا گیا: حکومت میں موجود ‘کالی بھیڑیں’ پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کی فضا سبوتاژ کر رہی ہیں، سرانان واقعے پر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی: محمود خان اچکزئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور ملک کی سیاسی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کی خبر پر پورے پاکستان میں خوشی منائی جا رہی تھی، تاہم رات کو پتا چلا کہ انہیں اندھیرے میں کسی اور اسپتال لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران عمران خان کی ہمشیرہ کو اسپتال کے ایک دوسرے کمرے میں بند رکھا گیا۔
اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت کے اندر ایسی ‘کالی بھیڑیں’ اور عناصر موجود ہیں جو تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان معاملات کو دانستہ طور پر سبوتاژ کر رہے ہیں۔ انہوں نے سرانان میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ پرسوں سرانان میں جو کچھ ہوا، اس پر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، اور یہ سب حکومت کے اندر موجود انہی عناصر کی کارستانی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے اپنی بات کو سمیٹتے ہوئے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ جب بھی ملک میں ڈائیلاگ اور مذاکرات کی ایک اچھی فضا بننے لگتی ہے، تو پتا نہیں کون سی قوتیں متحرک ہو کر اس عمل کو سبوتاژ کر دیتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert