عمران خان مکمل صحت مند ہیں، ان کی صحت پر مزید سیاست سے گریز کیا جائے، غریدہ فاروقی

ڈالروں اور ویوز کے لیے عمران خان کی صحت سے متعلق غیر ضروری قیاس آرائیاں اور شور شرابا بند ہونا چاہیے، ایک صحت مند شخص کو بیمار ثابت کرنے کی کوشش مناسب نہیں، ایکس پر پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ان کا میڈیکل چیک اپ ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی موجودگی میں مکمل ہوگیا ہے اور عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پرجاری بیان میں غریدہ فاروقی نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے ان کے اہل خانہ اور پی ٹی آئی کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ صحت مند ہیں اور انہیں کوئی طبی مسئلہ درپیش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے اب یہ تاثر دینے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے کہ عمران خان کی حالت انتہائی خراب ہے یا ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔
بعض افراد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈالروں اور ویوز کے لیے عمران خان کی صحت سے متعلق غیر ضروری قیاس آرائیاں اور شور شرابا بند ہونا چاہیے۔
اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند شخص کو بیمار ثابت کرنے کی کوشش مناسب نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت کے معاملے پر ان کی فیملی اور سیاسی جماعت کو بھی مزید سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔ غریدہ فاروقی نے زور دیا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق معاملہ اب ختم ہونا چاہیے اور اس باب کو مزید سیاسی بحث کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert