کیسکو کا پرائیویٹ اور غیر مجاز لائن مینوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ
بجلی کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر کام کرنے والے غیر مجاز افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز درج کرانے کی ہدایت

تمام سرکلز کے حکام فوری نشاندہی کر کے تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں، عوامی تحفظ اور تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: مراسلہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (QESCO) نے اپنے بجلی کے تقسیم کار نیٹ ورک پر غیر مجاز طور پر کام کرنے والے پرائیویٹ لائن مینوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر QESCO کے دفتر سے تمام متعلقہ سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں QESCO کی جانب سے جار مراسلے کے مطابق کمپنی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مختلف علاقوں میں بعض غیر مجاز پرائیویٹ لائن مین QESCO کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر آپریشن، مرمت، دیکھ بھال اور دیگر برقی نوعیت کے کام انجام دے رہے ہیں، حالانکہ ان افراد کو کمپنی کے نیٹ ورک پر کام کرنے کی اجازت حاصل نہیں مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر مجاز افراد کی جانب سے QESCO کے بجلی کے نیٹ ورک پر کام کرنا غیر قانونی سرگرمی ہے اور اس سے عوامی تحفظ، انسانی جانوں اور کمپنی کی قیمتی بجلی کی تنصیبات کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ QESCO حکام کے مطابق بجل کی لائنوں، ٹرانسفارمرز، فیڈرز اور دیگر برقی تنصیبات پر غیر تربیت یافتہ یا غیر مجاز افراد کی جانب سے کام کرنے سے نہ صرف خود ان افراد کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے بلکہ متعلقہ علاقے کے شہریوں کے لیے بھی حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ کمپنی نے اپنے تمام متعلقہ سرکلز کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے تمام غیر مجاز پرائیویٹ لائن مینوں کی فوری طور پر نشاندہی کریں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ QESCO کی ہدایات کے مطابق متعلقہ ایکسین آپریشن اپنے علاقوں میں غیر مجاز لائن مینوں کی موجودگی کا پتہ لگائیں گے اور ایسے تمام افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مروجہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آرز درج کرائی جائیں گی۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف ایف آئی آر کے اندراج تک کارروائی محدود نہیں رکھی جائے گی بلکہ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں کوئی غیر مجاز شخص QESCO کے بجلی کے تقسیم کار نیٹ ورک پر کسی بھی قسم کا کام انجام نہ دے سکے۔ کمپنی کی جانب سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں بجلی کے نیٹ ورک پر کام کرنے والے افراد کی نگرانی سخت کریں اور کسی بھی غیر مجاز شخص کو بجلی کی لائنوں یا دیگر تنصیبات پر کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ QESCO نے تمام متعلقہ سرکلز کے حکام سے کارروائی کی تفصیلی تعمیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ رپورٹ میں غیر مجاز پرائیویٹ لائن مینوں کی نشاندہی، ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آرز اور شروع کی گئی دیگر قانونی کارروائی کی مکمل تفصیلات شامل کی جائیں۔ کمپنی کے مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ معاملے کو انتہائی اہم اور فوری نوعیت کا سمجھا جائے اور ہدایات پر بلا تاخیر عمل درآمد کیا جائے۔ یہ ہدایات QESCO کے سنٹرل، سبی، لورالائی، پشین، خضدار اور مکران سرکلز کے متعلقہ حکام کو جاری کی گئی ہیں، جس کے بعد ان علاقوں میں غیر مجاز پرائیویٹ لائن مینوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع ہونے کا امکان ہے۔ QESCO حکام کا مقف ہے کہ بجلی کے تقسیم کار نظام کی حفاظت اور عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ صرف مجاز اور تربیت یافتہ اہلکار ہی کمپنی کے نیٹ ورک پر آپریشن، مرمت یا دیکھ بھال کا کام انجام دیں۔ مبینہ طور پر غیر مجاز افراد کی جانب سے بجلی کی لائنوں اور دیگر تنصیبات پر کام کرنے کے واقعات کے باعث کمپنی نے اب اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ بجلی کے نظام اور عوامی جان و مال کو ممکنہ حادثات سے محفوظ بنانا ہے۔ QESCO کی جانب سے جاری تازہ احکامات کے بعد متعلقہ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں غیر مجاز لائن مینوں کے خلاف کارروائی کرکے اس کی مکمل رپورٹ مرکزی دفتر کو ارسال کرنا ہوگی، جبکہ ایف آئی آرز اور دیگر قانونی کارروائی کے ریکارڈ بھی رپورٹ کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
