وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے: بابر یوسفزئی
نوجوانوں کو آکسفورڈ اور ہارورڈ میں تعلیم، مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جا رہی ہے

صوبے میں امراضِ قلب کے 2 جدید اسپتالوں کا قیام اور ترقیاتی عمل دور دراز علاقوں تک پہنچانا اہم ترجیحات ہیں
میرٹ کلچر کو فروغ دے کر سفارش اور اقربا پروری کا خاتمہ کیا جا رہا ہے: معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان کا بیان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی متحرک، دوراندیش اور عوام دوست قیادت میں صوبہ ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے۔ صوبائی حکومت نے محض دعووں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے اور صوبے کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔
اپنے ایک تفصیلی بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبے کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کے تعلیمی مستقبل پر خصوصی توجہ دی ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس کے ذریعے بلوچستان کے باصلاحیت طلبہ کو دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان کے بچے آکسفورڈ اور ہارورڈ جیسی عالمی شہرت یافتہ جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو وزیراعلیٰ کی نوجوان دوست پالیسی اور تعلیمی وژن کا عملی ثبوت ہے۔
معاون برائے داخلہ نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار اور تربیت کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ صوبے میں میرٹ کلچر کو فروغ دے کر سفارش اور اقربا پروری کے ناسور کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیت، قابلیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل سکیں۔
صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ بلوچستان کا واضح مقصد ترقیاتی عمل کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے دور دراز علاقوں اور عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بجلی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر عملی پیش رفت جاری ہے تاکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق گھروں کے قریب میسر آ سکیں۔
بابر یوسفزئی نے صحت کے شعبے میں حکومتی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی حکومت نے اس شعبے میں نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے نظام میں بہتری کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔ بلوچستان میں دو جدید امراضِ قلب کے اسپتالوں کا قیام بھی اسی عوام دوست وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ صوبے کے عوام کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں کے دھکے نہ کھانے پڑیں۔
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ایک ایسے ترقیاتی اور انتظامی کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جس کا مرکز عام آدمی، نوجوان، میرٹ اور عوامی خدمت ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو امید، مواقع اور روشن مستقبل کا نیا وژن دیا ہے۔ آج کا بلوچستان تعلیم، صحت، روزگار، انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ سفر وزیراعلیٰ کی قیادت میں مزید تیزی سے جاری رہے گا۔
