سانحہ مری، پنجاب حکومت کا مری ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سانحہ مری کے بعد پنجاب حکومت نے مری کو ڈیجیٹل وسائل سے آراستہ اور ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ مری کے بعد پنجاب حکومت نے مری کو ڈیجیٹل وسائل سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومتی سیاحتی کمیٹی نے حسان خاور کو سفارشات پیش کیں۔ ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل ٹریفک کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔
حکومت نے مری ایپ لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کی مدد سے شہری سفر سے پہلے ٹریول ایڈوائزی حاصل کر سکیں گے۔یاد رہے کہ سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری میں 7 جنوری کو رات گئے ہونے والی برفباری 23 افراد کو موت کی وادی میں لے گئی۔ سیاحوں کے لئے خود ساختہ مشکلات پیدا کرنے والے مقامی مفاد پرستوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا۔

دشوار گزار راستوں پر رات کی تاریکی میں خود برف پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ سیاحوں کو نکالنے میں مدد کے نام پر بلیک میل کرکے رقوم ہتھیانےکی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمہ پولیس کے اے ایس آئی محمد رمضان کی مدعیت میں درج ہوا جس کے مطابق نامعلوم ملزمان بھوربن روڈ پر برف پھینک کر پھسلن پیدا کرتے تھے، پھر پھنس جانے والی گاڑی کو جیپ سے نکالتے تھے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد مری میں داخلے پر پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا گیا ٹویٹ کے مطابق مری میں داخلے پر 17 جنوری تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔17 جنوری تک کوئی گاڑی مری میں داخل نہیں ہوسکے گی۔ سیاحوں کے ان مقامات تک جانے کی اجازت نہیں ہو گی، صرف مقامی آبادی کو نقل و حرکت کی اجازت ہے۔