سابق گورنر بلوچستان جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان کی نماز جنازہ اتمانزئی، چارسدہ میں ادا کردی گئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی نماز جنازہ میں شرکت

چارسدہ(قدرت روزنامہ)سابق گورنر بلوچستان جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان کی نماز جنازہ اتمانزئی، چارسدہ میں ادا کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق گورنر بلوچستان جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان ایک باوقار، مدبر اور نفیس شخصیت کے مالک تھے۔

ان کی قومی و صوبائی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان ان کے والد مرحوم میر غلام قادر بگٹی کے قریبی دوست تھے اور ان کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور گہری وابستگی تھی۔ ان کے انتقال سے ایک مخلص، قابل احترام اور شفیق شخصیت ہم سے جدا ہوگئی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان نے مختلف ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور اپنے کردار و خدمات کے باعث ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی وفات ایک بڑا ذاتی اور قومی نقصان ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
