کوئٹہ میں بدامنی عروج پر، مشرقی بائی پاس پر دن دیہاڑے فائرنگ، ڈاکو شہری سے 8 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

تھانہ خالق شہید کی حدود میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے حیات اللہ زخمی، پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان


مسلح ڈاکوؤں کی سرعام لوٹ مار نے شہریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا، ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں بدامنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے نے شہریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کردیا۔ تھانہ خالق شہید کی حدود لنک بادینی روڈ، مشرقی بائی پاس پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور 8 لاکھ روپے نقدی چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح ڈاکوں نے موٹر سائیکل سوار حیات اللہ ولد محمد قاسم، قوم نورزئی، سکنہ عطا محمد برمہ کو نشانہ بنایا۔ ملزمان نے مزاحمت یا خوف پیدا کرنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حیات اللہ زخمی ہوگیا، جبکہ ڈاکو نقد رقم لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان کی جانب سے سرعام فائرنگ اور لاکھوں روپے کی لوٹ مار نے مشرقی بائی پاس میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert