سرانان بازار میں بے گناہ مزدوروں کا خون بہانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا سفاکانہ اور بزدلانہ ذہنیت ہے، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائیں گے: میر سرفراز بگٹی


بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی: شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے معصوم اور محنت کش مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مصروفِ عمل بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکانہ اور بزدلانہ ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعلی نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے عنصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ایسی کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری ریاست اور قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

WhatsApp
Get Alert