ایرانی کرنسی میں تاریخی گراوٹ، ایک ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ریال سے بھی بڑھ گئی

تہران(قدرت روزنامہ)ایرانی ریال کی خرید و فروخت کرنے والوں کیلئے بری خبر آ گئی ، ایران کی کرنسی مسلسل گراوٹ کے بعد تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی کرنسی کی بڑی غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں تیزی سے گراوٹ جاری ہے۔ ایک امریکی ڈالر 20 لاکھ ایرانی تومان سے تجاوز کر گیا۔ ڈالر گزشتہ ہفتے کے آغاز میں تقریباً 1.865 ملین ریال پر ٹریڈ کر رہا تھا، یعنی ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس میں 7 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ڈالر تقریباً 958,000 ریال سے دگنا ہو چکا ہے۔ اس سے قبل اتوار کو ایران کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تقریباً 1.98 ملین ریال بتائی گئی تھی، جس میں پاؤنڈ کی قیمت 2.70 ملین ریال اور یورو کی قیمت تقریباً 2.31 ملین ریال تھی۔
امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات، آبنائے ہرمز کھلنے سے عالمی تجارتی سرگرمیاں معمول پر آنے جیسے مثبت اشاریوں کے باعث پاکستانیوں نے چند ہفتے قبل 3 کھرب ایرانی ریال خرید لئے تھے۔دو ماہ قبل پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال 4,500 سے 5,000 روپے میں فروخت ہو رہے تھے جس پر بڑے پیمانے پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں ایرانی کرنسی میں سرمایہ کاری کی۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین اور ڈیلرز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرنے والے تاجروں کو خبردار کیا تھا کہ ایرانی ریال کے سرکاری اور غیر سرکاری نرخوں میں شدید فرق کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں بڑا اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔
