حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پارٹی نے نہیں ڈاکٹر عظمیٰ خان نے دائر کی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پارٹی نے نہیں ڈاکٹر عظمیٰ خان نے دائر کی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عظمیٰ کے پاس فی الحال ایسی کوئی شہادت نہیں جس سے وہ عدالت میں محسن نقوی پر توہین عدالت ثابت کرسکیں ثبوت مل گیا تو نام شامل ہو سکتا ہے۔
یہ درخواست عظمیٰ خان اوران کے وکیل کا آپس کا معاملہ ہے، میں نے ضرور بات کی تھی۔ لیکن انہوں نے کہا کہ میرا پروفیشنل فیصلہ ہے کہ میں کس کو پارٹی بناؤں اور کس کو نہ بناؤں۔ یہ تنقید ہوئی کہ جمعے کے روز درخواست کیوں دائر نہیں کی گئی؟ کیونکہ پورا دن بیانات دیکھے، ریکار ڈ دیکھا۔
جس نے بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کو نہیں ماننا، اس کو پارٹی بنایا، وزیراعظم حکومت کے سربراہ ہیں، ساری ذمہ داری ان کے کندھوں پر ٹھہرتی ہے، کل کو اگر محسن نقوی سے متعلق ثبوت ملتا ہے تو ضرور فریق بنائیں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کیلئے فہرست جیل حکام کے حوالے کر دی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 وکلا رہنمائوں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھیج دی۔ فہرست میں بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ اور خالد یوسف چودھری کے نام شامل ہیں، نیازاللہ نیازی، نعیم پنجوتھہ اور فتح اللہ برکی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آئیں گی، ملاقات کے لیے بشریٰ بی بی کی فیملی کی بھی اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert