سونے کی قیمت میں کئی روز بعد کمی، نئی قیمت سامنے آگئی

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان میں سونے کی قیمت کئی روز تک مسلسل اضافے کے بعد بالآخر کم ہوگئی، جس کے بعد ملک بھر میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نئے نرخ جاری کردیئے گئے ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ہے۔ 10 گرام سونا 514 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 17 ہزار 126 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان عالمی مارکیٹ میں بھی دیکھا گیا، جہاں سونے کی فی اونس قیمت کم ہوکر 4640 ڈالر ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑتا ہے، جس کے باعث پاکستان میں سونے کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہتا ہے۔
اس سے ایک روز قبل ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ روز سونا 4200 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 87 ہزار 136 روپے فی تولہ تک پہنچ گیا تھا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی گزشتہ روز 3601 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 17 ہزار 640 روپے پر پہنچ گئی تھی۔
حالیہ کمی کے باوجود سونے کی قیمت اب بھی بلند سطح پر موجود ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ کے رجحان اور مقامی مارکیٹ میں طلب و رسد کے باعث آئندہ دنوں میں نرخوں میں مزید تبدیلی کا امکان برقرار ہے۔
