فیض حمید کو ابھی 9 مئی پر چارج شیٹ کیا جائے گا، کچھ اور لوگوں کو بھی کیا جائے گا، رانا ثناءاللہ

9 مئی بہت بڑا جرم ہے، اس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا یہ صدق دل سے معافی مانگیں تو بات آگے بڑھ سکتی ہے، انہوں نے زبانی بھی نہیں معافی مانگی بلکہ کہا یہ آپ نے خود کیا ہے؛ وفاقی مشیر کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی ریاست اور عسکری ادارے پر حملہ تھا جسے نہ معاف کیا جائے گا اور نہ ہی بھلایا جائے گا، اس معاملے میں سابق آئی ایس آئی چیف فیض حمید اور مزید کچھ شخصیات کو بھی جلد چارج شیٹ کیا جائے گا۔ سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات اور ادارے کے مؤقف کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک سال مکمل ہونے پر واضح طور پر کہا تھا کہ یہ ادارے پر حملہ تھا، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، 9 مئی کے واقعے پر سابق جنرل فیض حمید کو بھی باقاعدہ چارج شیٹ کیا جائے گا اور ان کے علاوہ بھی کچھ لوگ اس کے زمرے میں آئیں گے، اگر 9 مئی پر دل سے اور سچی معافی مانگی جائے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو پچھلے 10 سے 15 سال کی سیاسی جنگ کے بعد احساس ہوا کہ یہ راستہ غلط ہے اور انہوں نے مل کر بیٹھنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس کے بعد عمران خان کا آنا ہوا جو آج تک کسی سے سنبھالے نہیں جا رہے۔
عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ابتدائی طور پر عمران خان کو پمز کے بجائے شفا انٹرنیشنل ہسپتال لایا جا رہا تھا لیکن خفیہ ایجنسیوں نے رپورٹ دی کہ شفاء ہسپتال لانے سے وہاں امن و امان کی سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، علاوہ ازیں قانون کے مطابق کسی بھی قیدی کا علاج صرف سرکاری ہسپتال کے اندر ہی ممکن ہوتا ہے اور باہر منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی آتشزدگی سے اموات کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہسپتالوں سے نومولود بچوں کا چوری ہونا یا اس طرح کے حادثات انتہائی سنگین مسائل ہیں، میری طرف سے مطالبہ ہے کہ سانحہ پمز کی مکمل اور شفاف انکوائری ہونی چاہیے اور جو بھی افسر یا اہلکار اس غفلت کا ذمہ دار پایا جائے اسے عبرتناک مثال بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert