عمران خان کے ساتھ ان کی اپنی جماعت کا ناروا سلوک ابھی شروعات ہے، مریم نواز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ان کی اپنی جماعت کا سلوک دراصل ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے، چند دن کی وزارت عظمیٰ کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا گھاٹے کا سودا ہے، یہ ابھی صرف شروعات ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جماعت وزیرِاعظم ہوئے ان کے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، جھوٹے، سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے۔
یہی اللّہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے۔ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا اور نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔ یہ ابھی صرف شروعات ہے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی دنیا بھر کو نظر آرہی ہے، اس حکومت کی نااہلی نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے، مری میں لوگ برفباری سے نہیں حکومت کی بےحسی سے مرے ہیں، حکمران بنی گالہ، پی ایم اور سی ایم ہاؤس میں ہیٹر لگا کر سوتے رہے اور عوام مرتے رہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کو گھر بھجوانے کے لیے کوئی طریقہ اپنانا چاہیے، پہلے مجھے لگتا تھا کہ اس حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے، اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑا تو آزمانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے،نئے الیکشنز سیاسی جماعتوں کا نہیں عوام کا بیانیہ بن گیا ہے،سیاسی جماعتوں کو بھی اب عوام کے کہنے پر چلنا پڑے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ 3 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں ۔ مارکیٹ میں آنے والی اطلاعات سے ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں ۔ حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے، ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے ۔
عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ہے ،اگر بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی، پہلے سے خبردار کررہا ہوں ۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کردے گی ۔ہر روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول کے بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہورہے ہیں۔