وزیراعظم منی بجٹ کی منظوری کے سوال پر مسکرا دئیے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے منی بجٹ کی منظوری سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا اور صرف مسکرانے پر ہی اکتفا کیا۔جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکمران جماعت تحریک انصاف کو منی بجٹ کی منظوری کے معاملے میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری طرف حکومت کو اپنی عددی اکثریت پر بھروسہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان جب اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ پہنچے تو صحافی نے پوچھا کہ وزیراعظم صاحب کیا منی بجٹ پاس ہو جائے گا ؟ جس پر وازیراعظم صحافی کے سوال کا جواب دینے کی بجائے مسکرا کر چل دئیے۔خیال رہے کہ : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت منی بجٹ کو منظور کروانے کے لیے کافی کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تاہم منی بجٹ کی منظوری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اپنے ہی اراکین نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ قومی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عشائیوں میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی بڑی تعداد میں غیرحاضر رہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک اراکین قومی اسمبلی کو ٹیلی فون کرتے رہے، متعدد اراکین نے فون تک نہ اٹھایا جبکہ کچھ اراکین نے منی بجٹ کو عوام پر ظلم ،عالمی اداروں کو اپنےاداروں کے اکاؤنٹس تک رسائی اور سکیورٹی رسک قراردیتے ہوئے کہا کہ ہم اس اقدام میں حکومت کا ساتھ نہیں دے سکتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے پارٹی اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیے گئے عشائے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد اراکین شریک نہیں ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کےعشائیے کے موقع پر پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کی حاضری لگائی گئی، عشائیے میں نہ آنے والے پارٹی ارکان اسمبلی کی فہرست تیار کی گئی اور وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے۔