مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری کے خلاف آج کوئٹہ میں دھرنا ہوگا: مولانا ہدایت الرحمان
مقدمہ درج ہونے پر گرفتاری دینے کو تیار ہوں، عوام پر ٹیکس لگا کر حکمران عیاشیوں کے لیے جہاز خرید رہے ہیں

بارڈرز کی بندش سے لاکھوں افراد بے روزگار، شاہراہیں غیر محفوظ ہیں، دھرنا موخر کرنے کی حکومتی اپیل مسترد: پریس کانفرنس
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی، بدامنی، چوری، ڈکیتی اور بے روزگاری کے خلاف آج کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے پر گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے طنزیہ سوال اٹھایا کہ باغ کے مالک کو ذمہ دار قرار دینے والے بتائیں کیا 80 ارب روپے لینے والے اس کے ذمہ دار نہیں ہیں؟
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں ہمارا احتجاج جاری ہے اور اسی سلسلے میں 7 اگست کو پورے صوبے کی شاہراہوں کو احتجاجاً بلاک کیا گیا تھا۔ انہوں نے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام پر ٹیکس لگا کر حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے جہاز خرید رہے ہیں، جبکہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔
صوبے کی معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بارڈرز کی بندش سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں اور شاہراہوں پر عوام بالکل محفوظ نہیں ہیں۔ صوبے میں امن قائم کرنا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے دھرنا موخر کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن ہمارا پرامن احتجاج شیڈول کے مطابق ہوگا اور آج کوئٹہ میں دھرنا ہر صورت دیا جائے گا۔
