’پمز ہسپتال میں کوئی بھی چیز عالمی معیار کے مطابق نہیں‘

انکوائری رپورٹ میں علاج معالجے اور فائر سیفٹی کی ناکافی سہولیات کی نشاندہی کردی گئی، وزیراعظم نے تحقیقاتی رپورٹ پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دلخراش سانحے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ اور سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے یہ رپورٹ وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ کے دفتر میں جمع کروائی، جنہوں نے اسے وزیراعظم کو بھجوا دیا، تمام اراکین کے دستخط شدہ اس رپورٹ کو عام کرنے کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں پمز ہسپتال کے اندر علاج معالجے اور فائر سیفٹی کی شدید ناکافی سہولیات کی نشاندہی کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ وہاں کوئی بھی حفاظتی بندوبست عالمی معیار کے مطابق نہیں تھا، رپورٹ میں واقعے کے وقت غیر حاضر پائے جانے والے عملے اور غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دلخراش سانحے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کا اعلیٰ سطحی جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت یہ اہم اجلاس آج شام منعقد ہو رہا ہے، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال، اہم وفاقی وزرا، سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں مرتب کی گئی انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور واقعے میں غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے تعین کا نقطہ بہ نقطہ جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں شاہد خان کمیٹی کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں پمز ہسپتال کی موجودہ انتظامیہ اور غفلت برتنے والے اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert