جسٹس عمر عطا بندیال ملک کے نئے چیف جسٹس تعینات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جسٹس عمر عطا بندیال ملک کے نئے چیف جسٹس تعینات کر دیے گئے . تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کو ملک کا نیا چیف جسٹس تعینات کر دیا .

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 174 اے کے تحت جسٹس عمر عطا بندیال کی تعیناتی کی منظوری دے دی . جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی 2 فروری سے نافذ العمل ہو گی .
گزشتہ روز سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے سمری منظوری کے لیے ایوان صدر ارسال کی تھی . صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نوٹیفکیشن جاری کرے گی . واضح رہے کہ جسٹس گلزار احمد دو سال سے زائد عرصے تک اعلیٰ عدالتی عہدے پر کام کرنے کے بعد یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے .

جس کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے، جسٹس گلزار احمد پانامہ لیکس میں میاں نواز شریف کو نااہل قرار دینے والے بینچ میں شامل رہے . پاکستان کے 27 ویں اور موجودہ چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے . سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال مقرر ہے، چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے ، جسٹس عمر عطا بندیال اس وقت سپریم کورٹ میں سینئر ترین جج ہیں .
جسٹس عمر عطا بندیال 18 ستمبر 2023ء کو ریٹائر ہونے تک چیف جسٹس کے عہدے پر برقرار رہیں گے . جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر 2024ء تک ایک سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر کام کرنے والے چیف جسٹس بن جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں