فواد چوہدری نے سینیٹر افنان اللہ کے رمیز راجہ کیخلاف ایکشن کے مطالبے کو آڑے ہاتھوں لے لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ کی جانب سے معروف کرکٹ کمنٹیٹر اور سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پر پابندی کے مطالبے پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ن لیگ کی سیاسی سوچ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی شو کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باقاعدہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور انہیں بند کیا جائے، یہ جہاں بھی جاتے ہیں ہر جگہ عمران خان، عمران خان، عمران خان شروع کر دیتے ہیں، کرکٹ کمنٹری اور کھیل کے پلیٹ فارمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

سینیٹر افنان اللہ کے اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے شدید غصے کا اظہار کیا اور ن لیگ کی قیادت و رہنماؤں پر طنز کے تیر چلا دیئے، فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کے ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ رمیز راجہ کو بند کر دو، سارے انٹرنیشنل میڈیا کو بند کر دو اور ملک کے اس 85 فیصد ووٹروں کو بھی بند کر دو جنہوں نے ہمیں بیلٹ پیپر کے ذریعے مسترد کیا، ان لوگوں کی خواہش ہے کہ پورے ملک کو قبرستان بنا دیا جائے اور حکومت ان کے حوالے کر دی جائے۔

WhatsApp
Get Alert