فارم 47 سے حکومت تو مل جاتی ہے لیکن عزت چلی جاتی ہے، سابق ن لیگی سینیٹر جاوید عباسی کا اعتراف
اپنے خاندان کو کرسی تو مل جاتی ہے لیکن آپ لوگوں کے دلوں سے اتر جاتے ہیں، نواز شریف نے یہ فیصلہ کیا کہ مجھے اقتدار بچانا ہے عزت تو آنے جانیوالی چیز ہے؛ امیرعباس کے پوڈکاسٹ میں گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر جاوید عباسی نے 8 فروری کے انتخابات اور اپنی ہی پارٹی کی موجودہ حکومت کے قیام پر انتہائی تلخ حقائق سامنے رکھ دیئے۔ صحافی و اینکر پرسن امیر عباس کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ فارم 47 سے حکومت تو مل جاتی ہے لیکن عزت چلی جاتی ہے، اپنے خاندان کو کرسی تو مل جاتی ہے لیکن آپ عوام کے دلوں سے اتر جاتے ہیں، نواز شریف نے یہ فیصلہ کیا کہ انہیں اقتدار بچانا ہے جبکہ عزت تو آنے جانے والی چیز ہے۔
"فارم 47 سے حکومت تو مل جاتی ہے لیکن عزت چلی جاتی ہے، اپنے خاندان کو کرسی تو مل جاتی ہے لیکن آپ لوگوں کے دلوں سے اتر جاتے ہیں، نواز شریف نے یہ فیصلہ کیا کہ مجھے اقتدار بچانا ہے جبکہ عزت تو آنے جانیوالی چیز ہے، یہ انقلاب تھا کہ عمران خان جیل میں، زیادتیاں ہو رہی تھیں، انتخابی نشان… pic.twitter.com/YQmSSvHIdI
— Ameer Abbas (@ameerabbas84) August 31, 2026
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مقبولیت اور 8 فروری کے انتخابی نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انقلاب تھا کہ عمران خان جیل میں تھے، ان کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی تھیں اور انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا تھا، لیکن لوگ پھر بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے بڑی تعداد میں نکلے، 8 فروری کو لاہور میں مسلم لیگ ن تمام صوبائی نشستوں میں سے صرف ایک نشست ہی جیت سکی تھی۔
جاوید عباسی نے انتخاب پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں سب سے بڑا جرم مینڈیٹ کا چرانا ہے، جب آپ کو پتہ بھی ہو کہ آپ ہارے ہوئے ہیں اور پھر آدھی رات کے بعد آپ جیتے دکھائے جائیں، تو آپ کس طرح اپنے بچوں اور خاندان کے سامنے جاتے ہیں؟ اگر غیرت ہی ختم ہو جائے تو پھر کچھ باقی نہیں رہتا، ہماری آنے والی نسلیں پارلیمنٹ اور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کے اس عظیم گناہ کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔
