اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مشیر برائے پارلیمانی امور بابراعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کیلئے باہر کے راستے بند اورجیل کے راستے کھل رہے ہیں، اپوزیشن مقدمات معاف کرنے کا این آراو چاہتی ہے، اپوزیشن کا مارچ ان کے ہی خلاف ہوگا حکومت اپنی مدت پوری کرے گی . انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، نگراں حکومت آئندہ انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرائے گی، یہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو اس بات پر کریں کہ مسلسل 14 سال سے پیپلز پارٹی کے پاس سندھ میں اقتدار ہے، لیکن انہوں نے کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں .
مقدمات سے توجہ ہٹانے کے لیے سارا شور شرابا کر رہے ہیں . بابراعوان نے کہا کہ میں قانون سازی کے لیے اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ترامیم ایوان میں پیش کریں اور ایوان کے اندر اپنا پارلیمانی کردار ادا کریں .
عمران خان کی قیادت میں حکومت پر اتحادیوں کا مکمل اعتماد ہے، قانون سازی اکثریت سے منظور کرائیں گے .
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کیلئے باہر کے راستے بند ہو رہے ہیں اور پاکستان میں سیدھے جیل کے راستے کھل رہے ہیں، وہ علاج کرانے گئے تھے تاہم ڈاکٹر کے پاس گئے نہ علاج ہوا . انھوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ عدالت میں کمر درد کی وجہ سے دس منٹ بھی شہباز شریف کھڑے نہیں ہو سکتے، یہ صرف این آر او چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا سی وی قبول کر لیا جائے تاکہ ان کا خاندان وطن واپس آ سکے اوران کے مقدمات معاف ہو جائیں .
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مارچ اپوزیشن کے خلاف ہے اور یہ صرف رینٹ اے کراؤڈ ہے، حکومت کے اتحادیوں کو وزیراعظم پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے . انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے قرضے مسلم لیگ( ن) اور پیپلزپارٹی کے ادوار حکومت میں لیے گئے .