بلوچستان اسمبلی: اسما جتک واقعہ پر ارکان میں تلخ کلامی، ایوان مچھلی بازار بن گیا

خواتین ارکان کا اسما جتک کے واقعے پر بات نہ کرنا قابل افسوس ہے: علی مدد جتک


تیزاب گردی پر سیاست نہ کی جائے، تمام خواتین ارکان کا اسما جتک کے ساتھ اظہار یکجہتی
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسما جتک کے واقعہ پر اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب رکن اسمبلی علی مدد جتک نے شکوہ کیا کہ خواتین ارکان اسمبلی نے اسما جتک کے واقعہ پر ایوان میں بات تک نہیں کی۔اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خواتین ارکان کی جانب سے اسما جتک کے حوالے سے بات نہ کرنے پر وہ قرارداد کی حمایت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ قرارداد تیزاب گردی کے حوالے سے ہے، اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔فرح عظیم شاہ کے ریمارکس کے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا اور متعدد ارکان اسمبلی ایک ساتھ بولنے لگے، جس سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔رکن اسمبلی شاہدہ رف نے کہا کہ ہم سب اسما جتک کے ساتھ تھے اور ہیں۔ بعد ازاں تمام خواتین ارکان اسمبلی اسما جتک کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے اپنی نشستوں پر کھڑی ہوگئیں۔واقعے کے باعث اجلاس کے دوران کچھ دیر تک ایوان میں شور شرابا جاری رہا، تاہم ارکان نے اسما جتک کے ساتھ اظہاریکجہتی اور تیزاب گردی کے واقعات کی مذمت کی۔

WhatsApp
Get Alert