بچی صبیہ کے مبینہ زیادتی اور قتل کیس میں تمام نامزد ملزمان کی گرفتاری قابل تحسین ہے: بابر یوسفزئی

کمسن بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ناقابل قبول، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے


تفتیش شفاف انداز میں مکمل کر کے ذمہ داروں کو سخت سزا دلوائی جائے گی، قانون سے کوئی بالاتر نہیں
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)معاون برائے وزیر داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے نوشکی کے علاقے احمدوال میں آٹھ سالہ بچی بی بی صبیہ کے مبینہ زیادتی و قتل کیس کے تناظر میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کیس میں نامزد تمام تین ملزمان کی گرفتاری انتہائی قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی ڈی آئی جی رخشان اور ایس پی نوشکی کی ہدایات پر ایس ایچ او احمد وال ماندا خان ماندائی کی سربراہی میں کی گئی، جس کے دوران نامزد ملزمان عصمت اللہ، زبیر اور کامران کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کمسن بچی کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے، اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس کیس کی تفتیش کو انتہائی شفاف انداز میں مکمل کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی کیونکہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، اور حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال اور بالخصوص بچوں کے تحفظ کے لیے اپنے موثر اقدامات بدستور جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert