نو مئی کے مقدمات: اعجاز چوہدری کی 3 مقدمات میں ضمانت پر سماعت ملتوی

لاہور(قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری کی تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی، اس موقع پر اعجاز چوہدری کے وکیل میاں علی اشفاق دلائل کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے عدالت سے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔
اعجاز چوہدری کے وکیل میاں علی اشفاق نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ مؤخر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اعجاز چوہدری کی جانب سے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
اعجاز چوہدری نو مئی کے واقعات کے مقدمات میں نامزد اہم ملزمان میں شامل ہیں، ان پر کارکنوں کو نو مئی کے روز جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
