پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے خلاف تین معاملات پر الیکشن کمیشن میں سماعت، جواب جمع نہ کرایا تو یکطرفہ فیصلہ کردیں گے: چیف الیکشن کمشنر
آپ متعدد بار وقت لے چکے ہیں مگر جواب جمع نہیں کرا رہے، دو معاملات پر سٹے بھی نہیں لیا گیا

پی کے میپ کے وکیل کی استدعا منظور، الیکشن کمیشن نے کیسز کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے خلاف تین معاملات پر الیکشن کمیشن میں سماعت،چیف الیکشن کمشنر نے کہا اگر پی کے میپ نے جواب جمع نہ کرایا تو یکطرفہ فیصلہ کردینگے۔۔۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی، جس میں پی کے میپ کے وکیل پیش ہوئے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کے آرڈر کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، 26 اگست کو سماعت ہونا تھی جو نہیں ہوسکی، اب نئی تاریخ 21 ستمبر مقرر ہے، اس لیے تفصیلی دلائل کے لیے الیکشن کمیشن مزید وقت دے۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے 180 دن دینے کے معاملے پر بلوچستان ہائیکورٹ نے سٹے دے رکھا ہے، تاہم باقی دو مقدمات میں سٹے نہیں ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پی کے میپ کے وکیل کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے اعتراضات پر جواب جمع کرایا جائے، جواب جمع نہ کرایا گیا تو یکطرفہ فیصلہ کردیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ متعدد بار وقت لے چکے ہیں مگر جواب جمع نہیں کرا رہے، دو معاملات پر ابھی تک سٹے نہیں لیا گیا، اس لیے جواب جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن نے پی کے میپ کے وکیل کی مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیسز کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔ پی کے میپ کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات، سال 2024-25 کے گوشواروں اور پارٹی آئین میں تبدیلی سے متعلق اعتراضات کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔
