پولیس وین سے ٹکرانے والی بغیر ڈرائیور گاڑی کا مؤجد سامنے آگیا
غلطی سے غلط بٹن دب گیا! نوجوان کا مؤقف ۔۔ اسلام آباد پولیس کی فراخدلی، چالان کی بجائے شہری کو شاباش دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سوشل میڈیا پر وائرل پولیس وین سے ٹکرانے والی بغیر ڈرائیور کے گاڑی کی مزاحیہ اور دلچسپ ویڈیو کا بالاخر ڈراپ سین ہو گیا، اسلام آباد پولیس نے معمہ حل کرتے ہوئے ناصرف واقعے کی حقیقت بیان کردی بلکہ نوجوان کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے رہائشی اور کامسیٹس یونیورسٹی کے طالب علم احسان ظفر عباسی نے ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں اس واقعے کی اندرونی کہانی بتائی، احسان ظفر نے بتایا کہ وہ 2018ء سے سائنسی تجربات سے وابستہ ہیں اور انہوں نے اپنے گھر میں ایک باقاعدہ لیب بنا رکھی ہے، حادثے کے روز وہ اپنی ایجاد کردہ انٹرنیٹ کے ذریعے کنٹرول ہونے والی گاڑی کے انٹرویو کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر پولیس وین سے ٹکرانے والی گاڑی کی وائرل ویڈیو کا معاملہ۔
پولیس گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کے معاملے پر ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین کا نوجوان کے ہمراہ ویڈیو پیغام ملاحظہ کیجیے۔#WeRIslamabadPolice pic.twitter.com/wnbkNaP102
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 1, 2026
انٹرویو کے دوران ایک دلچسپ موڑ آیا جب کیمرہ مین نے ان سے کہا کہ آپ موبائل سکرین کیمرے کی طرف کر کے دکھائیں کہ گاڑی کیسے کنٹرول ہوتی ہے! بس اسی لمحے ایک چھوٹی سی انسانی غلطی واقع ہو گئی، موبائل فون کیمرے کی طرف گھماتے ہوئے دائیں طرف موڑنے کے بجائے غلطی سے بائیں طرف موڑنے کا بٹن پریس ہو گیا، جس کی وجہ سے گاڑی نے بائیں جانب کھڑی اسلام آباد پولیس کی وین کا رخ کرلیا اور سیدھی جا کر اس سے ٹکرا گئی۔
ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے واقعے کی انکوائری کی گئی ہے اور اس میں کسی قسم کی نیت یا مجرمانہ غفلت کا عنصر شامل نہیں تھا، یہ محض ایک سائنسی تجربے کے دوران پیش آنے والی انسانی غلطی تھی، اسلام آباد پولیس ایسے محنتی اور ہنر مند نوجوانوں کو ملک کا روشن مستقبل سمجھتی ہے اور ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
