جاوید لطیف کی وزیراعظم کی موجودگی میں پرویز خٹک سے چھیڑ چھاڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں پرویز خٹک سے چھیڑ چھاڑ کی . میاں جاوید لطیف نے ایوان میں نعرہ لگایا کہ قدم بڑھاؤ پرویز خٹک ہم تمہارے ساتھ ہیں .

جبکہ فنانس ترمیمی بل مرحلہ وار شق پر ووٹنگ ہوئی تو اپوزیشن نے نعرے لگانا شروع کر دئیے ’’پرویز خٹک قدم بڑھاؤ ہم تمھارے ساتھ ہیں ‘‘جس پر حکومتی بینچوں سے نعرے لگے’’ کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان‘‘ .
خیال رہے کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے پارلیمانی اجلاس کے بعد سیاسی حالات کافی گرم ہو گئے . پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی .

فنانس بل کے حوالے سے اہم پارلیمانی پارٹی اجلاس جاری تھا، کہ ملک میں گیس کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے حماد اظہر اور پرویز خٹک میں تلخ کلامی ہونے لگی .

پرویز خٹک نے کہا وزیر اعظم صاحب آپ کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کچھ بات کرنا چاہتا ہوں، ہمارے ارکان کو گیس کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں، گیس کی جو اسکیمیں شروع ہوئیں وہ کب مکمل ہوں گی؟ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے گیس کی صورت حال پر 2011 سے بات کا آغاز کیا، جس پر پرویز خٹک نے ٹوکا، آپ کہانیاں نہ سنائیں، یہ بتائیں گیس کب ملے گی . حماد اظہر نے جواب میں کہا میں آپ کو وہی بتا رہا ہوں آپ سنیں تو سہی .
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پرویز خٹک تین باراپنی نشست پر کھڑے ہوئے، پرویز خٹک نے حماد اظہر کے ساتھ شوکت ترین پربھی سخت تنقید کی، انھوں نے کہا حماد اظہر کو گیس اور بجلی کے مسائل کا علم ہی نہیں ہے، اور شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکا . وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے، میں یہاں سے جا رہا ہوں، یہ کہہ کر پرویز خٹک نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا .
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، میرے کوئی کارخانے نہیں، میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہے . جب وزیر دفاع پرویز خٹک اجلاس سے اٹھ گئے، تو کچھ ہی دیر بعد پھر واپس آ گئے، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید پرویز خٹک کو واپس منا کر لائے .

. .

متعلقہ خبریں