ایک بار پی سی بی کی اعلیٰ قیادت کو برطرف کرکے دیکھیں، مسئلہ وہیں سے پیدا ہو رہا ہے، اسد عمر

قومی کھلاڑیوں کے ساتھ کاکروچ جیسا سلوک کرنا اور انہیں ذلیل کرنا حالات کو بہتر نہیں کرے گا، بار بار کوچز اور کھلاڑیوں کو برطرف کرتے ہیں لیکن نتائج وہی رہتے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کا ایکس پر پیغام


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور سیاستدان اسد عمر نے قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکامیوں، بار بار کی تبدیلیوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے تحقیر آمیز سلوک پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر نے کرکٹ بورڈ کے رویئے پر سخت غصے کا اظہار کیا، انہوں نے لکھا کہ قومی کھلاڑیوں کے ساتھ کیڑے مکوڑوں جیسا سلوک کرنا اور ان کی مسلسل تذلیل کرنا کسی صورت ملکی کرکٹ کے حالات کو بہتر نہیں بنا سکتا۔


سابق وفاقی وزیر نے بورڈ کے حالیہ فیصلوں اور مسلسل انتظامی ناکامیوں پر نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی انتظامیہ ہر ناکامی کے بعد مسلسل کوچز اور کھلاڑیوں کو برطرف کرکے انہیں قربانی کا بکرا بناتی ہے، لیکن ان تمام اقدامات کے باوجود نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں آتی اور ٹیم کو وہی ناکامیاں دیکھنی پڑتی ہیں۔
اسد عمر نے مشورہ دیا کہ ہر بار کھلاڑیوں اور کوچز پر ملبہ ڈالنے کے بجائے اب پی سی بی کی ٹاپ لیڈرشپ یعنی اعلیٰ ترین قیادت کو برطرف کر کے دیکھا جائے کیونکہ تمام تر انتظامی خرابیوں اور نالائقیوں کا بہاؤ اصل میں اوپر بیٹھی قیادت ہی سے آ رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert