کیپٹن ضیاء اور دیگر شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، دہشت گردوں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز مؤثر کارروائی کی جائے: سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ )صوبائی امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ اور صوبائی ترجمان حاجی دلاور خان کاکڑ نے زیارت کراس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کیپٹن ضیاء اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن و سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن ضیاء اور دیگر شہدا قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جن کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان غم کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں کسی صورت قابلِ قبول اور برداشت نہیں، امن و امان کو سبوتاڑ کرنے اور ملک میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر دراصل پاکستان کے امن، استحکام اور قومی وحدت کے دشمن ہیں۔ ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے مکمل نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے اور شہدائ کے خون کا حساب لیا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت علمائ اسلام بلوچستان ملک کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر مؤثر، جامع اور مستقل حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتی ہے تاکہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔
