سرکاری ملازمتوں کے لیے بالائی عمر کی حد میں عمومی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

عام امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 43 سال، مستقل سرکاری ملازمین کے لیے 50 سال مقرر


عمر کی رعایت کا اطلاق فوری ہوگا اور یہ تین سال کے لیے مؤثر رہے گی: محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) حکومت بلوچستان نے صوبائی کابینہ کے 27 اگست 2026 کے فیصلے کی روشنی میں سرکاری ملازمتوں کے لیے بالائی عمر کی حد میں عمومی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عام امیدواروں، بشمول معذور افراد اور شہداء کے قانونی ورثاء ، کے لیے سرکاری ملازمتوں میں بالائی عمر کی حد میں رعایت دے کر زیادہ سے زیادہ عمر 43 سال کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے سرکاری ملازمین جنہوں نے مستقل بنیادوں پر کم از کم دو سال کی مسلسل سرکاری ملازمت مکمل کرلی ہے، ان کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 50 سال مقرر کی گئی ہے۔حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی اتھارٹی کی جانب سے ان مقررہ حدود سے مزید بالائی عمر میں رعایت نہیں دی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عمومی عمر کی رعایت ان آسامیوں پر لاگو نہیں ہوگی جہاں متعلقہ سروس رولز کے تحت پہلے ہی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 43 سال سے زائد مقرر ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بالائی عمر کی حد میں دی گئی یہ رعایت نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے تین سال کے لیے مؤثر رہے گی اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert