چیئرمین پی سی بی سینیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس، جونیئر کھلاڑیوں کو موقع دینے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی ٹیم کے سینیئر اور تجربے کار کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے انتہائی مایوس ہوگئے اور انہوں نے تھنک ٹینک کو جونیئر کھلاڑیوں پر فوکس کرنے کی ہدایت کردی۔
دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس اور ہنگامی اقدامات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت ہیڈلائنز میں ہے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان روانہ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے سینیئر اور تجربے کار کرکٹرز کی پرفارمنس سے انتہائی مایوس دکھائی دے رہے ہیں ۔
2024آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کے بعد سرجری کی بات کر کے انہوں نے ایک بار پھر اُنہی کھلاڑیوں کو موقع دیا،لیکن ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 5 دن میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکست کے بعد پہلے ہی راونڈ سے باہر ہوگئی۔
2025 ایشیا کپ میں ٹیم دبئی میں بھارت سے 3 مسلسل میچ ہار گئی، پھر 2026 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ٹیم سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکی۔اب دورہ انگلینڈ میں پہلے لیڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 103 رنز سے شکست اور لارڈز میں194 رنز سے ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ انتہائی فیصلوں کے ساتھ اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلایا گیا،ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد بولنگ کوچ عمر گل کی چھٹی کیساتھ 5 اور کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔
البتہ چیئر مین پی سی بی محسن نقوی آئندہ چند روز میں مزید سخت فیصلے کرنے سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں ۔
فروری 2024 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے والے محسن نقوی قومی ٹیم کے سینیئر اور تجربے کار کھلاڑیوں کی کارکردگی سے انتہائی مایوس ہیں اور مستقبل میں نوجوان اور جونیئر کھلاڑیوں کو آگے لانے کے خواہش مند ہیں ،جو مستقبل میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھال سکیں ۔
اس سلسلے میں چیئر مین نے مستقبل میں انڈر 19 اور جونیئر کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ مواقعوں کیساتھ مکمل اعتماد دینے کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے ،ساتھ ہی سلیکشن کے معاملات میں شفافیت کے ساتھ آزمائے ہوئے اور تجربے کار کھلاڑیوں کو ناکامی کے بعد دوبارہ موقع نہ دینے کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کو واضع ہدایات جاری کر دی ہیں۔
