عزت دیں اور عزت لیں: جنت مرزا کا ایمن خان کو جواب

(قدرت روزنامہ)پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے اداکارہ ایمن خان کا نام لیے بغیر اُنہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سب کی حوصلہ افزائی کریں، عزت دیں اور عزت لیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ایمن خان نے جنت مرزا کو کم میک اپ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد ٹک ٹاک اسٹار نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے ایمن خان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ آپ کو دوسروں کی زندگی میں دخل اندازی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

اب گزشتہ روز جنت مرزا نے انسٹاگرام پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ایک صارف نے کہا کہ ’ایمن خان نے آپ کو بالکل درست مشورہ دیا تھا، اس پر ویڈیو بنانے کی کیا ضرورت تھی۔‘

صارف کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے جنت مرزا نے کہا کہ ’میں نے ویڈیو میں کسی کا نام نہیں لیا تھا لہٰذا خود سے اندازے نہ لگائیں اور دوسروں پر اُنگلی اُٹھانا بند کریں۔‘

جنت مرزا نے کہا کہ ’میں سب کی عزت کرتی ہوں لیکن ہماری کچھ اداکارائیں ایسی ہیں جو ہمیشہ دوسروں پر تنقید کرتی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جس خاتون (ایمن خان) نے مجھے کم میک اپ کرنے کا مشورہ دیا تھا، وہ مجھ سے پہلے ماورا حسین کی جسامت پر بھی تبصرے کرچکی ہیں اور دیگر معروف شخصیات کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے ایمن خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’آپ ایسے متنازع بیانات جاری کرنے سے گریز ہیں، سب کی حوصلہ افزائی کریں، عزت دیں اور عزت لیں۔‘